کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے جنجال گوٹھ کے قریب کارروائی کے دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی تھانہ ایف بی ایریا اور گلشنِ معمار کے علاقوں سے سرقہ شدہ ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں سلیمان ولد وسیم عمری، سمیر گل ولد عباس علی، شاہزیب ولد رحیم شاہ اور عدنان ولد شیر زمان شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔


