19

تھانہ سائیٹ اے پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائی، انتہائی مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع کیماڑی میں کراچی پولیس کے تھانہ سائیٹ اے نے حیدر چالی پٹھان کالونی کے علاقے میں کامیاب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے پولیس سب انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے والے انتہائی مطلوب اور ریکارڈ یافتہ کریمنل فیصل عرف منیجر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کا ایک ساتھی سجاد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے بوقتِ گرفتاری غیرقانونی پستول بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک حساس ادارے کی جانب سے انفارمیشن رپورٹ موصول ہوئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ ملزم فیصل عرف منیجر تھانہ سائیٹ اے میں تعینات سب انسپکٹر نعیم شاہ کو ٹارگٹ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم یہ اقدام اپنے بھتیجے کاشف اور اس کے ساتھی زیشان کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے کر رہا تھا، جو 9 اگست 2025 کو سائیٹ ایریا ولیکا روڈ پر پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔

دورانِ انٹیروگیشن ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دو روز قبل اس نے ساتھی کے ہمراہ ولیکا روڈ پر دو افراد کو لوٹا اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے فرار ہو گیا۔ اس واردات کا مقدمہ نمبر 263/26 بجرم دفعات 394/511/34 تھانہ سائیٹ اے میں درج ہے۔

پولیس کے مطابق فیصل عرف منیجر ایک پیشہ ور اور عادی مجرم ہے، جس کے خلاف پولیس مقابلوں، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کے تحت مختلف تھانوں میں 14 مقدمات درج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ایس ڈی پی او سائیٹ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سائیٹ اے نے چوکی انچارج میٹروول اور پولیس اسٹاف کے ہمراہ گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 269/26 درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں