کشمور(ایچ آراین ڈبلیو) کندھکوٹ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی جانب سے دائر تحفظ کی درخواست پر عدالت نے سماعت کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خاتون تنیشا نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے، تاہم شادی پر ناراض اہلِ خانہ کی جانب سے میاں بیوی کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ وکیل کے مطابق شوہر کے خلاف کشمور تھانے میں اغوا، چائلڈ میرج ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سرکاری ادارے تمام شہریوں کو بلا امتیاز قانونی تحفظ فراہم کرنے کے پابند ہیں اور درخواست گزاروں کی جان، عزت اور املاک کے تحفظ کو قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ خاتون کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے اور اسی بیان کی روشنی میں مقدمے کا چالان متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزاروں کو قانون کے مطابق مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ کیس کی مزید کارروائی قانون کے مطابق جاری رکھی جائے گی۔


