کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے ضلع کیماڑی میں تھانہ پاک کالونی پولیس نے میوہ شاہ KMC کٹ کے قریب مسلح ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پولیس پارٹی قتل، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب و مفرور ملزم مراد عرف مایا اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر موقع پر پہنچی تھی۔ پولیس کے پہنچتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
جوابی فائرنگ کے نتیجے میں مراد عرف مایا ولد عبدالجبار زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ انیس ولد حنیف نامی ملزم کو بغیر کسی مزاحمت کے حراست میں لیا گیا۔ فرار ہونے والے دو ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات (آئس) برآمد کر لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم مراد عرف مایا قتل، اقدامِ قتل، پولیس مقابلہ اور دیگر مقدمات میں مطلوب تھا اور گینگ وار ارشد پپو گروپ سے تعلق رکھتا ہے، جبکہ وہ گروپ کا اہم شوٹر بھی بتایا جا رہا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


