کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے سہراب گوٹھ، مچھر کالونی سے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث بدنامِ زمانہ “بچھو ڈکیت گروہ” کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں اجمل خان عرف شاس ولد اختر خان، انیس خان ولد حنیف خان، عبیداللہ ولد سلام خان، سجاد عرف طور مواسی ولد احسان اللہ اور لال خان ولد عبد الرحمن شامل ہیں۔ رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول (بغیر لائسنس) بمعہ ایمونیشن، تین چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں نیو کراچی، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی، سہراب گوٹھ بس ٹرمینل، پنجاب بس اڈا، جمالی پل اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتیوں اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں ملزمان نے کیماڑی ٹاؤن میں موبائل مارکیٹ میں ڈکیتی کی واردات بھی کی تھی، جو سی سی ٹی وی فوٹیج میں ریکارڈ ہے۔
رینجرز کے مطابق مرکزی ملزم اجمل خان عرف شاس عادی مجرم ہے جو اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ گروہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر سے متعلق معلومات فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر فراہم کریں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔


