5

اورنگی تھانے کی حدود میں گٹکا ماوا اور منشیات کے مبینہ کاروبار کی بازگشت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں واقع اورنگی تھانے کی حدود میں گٹکا ماوا، آئس اور چرس کے مبینہ کاروبار کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس پر علاقہ مکینوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق اورنگی تھانے کی حدود میں ظہور عرف فرحان کی مبینہ سرپرستی میں منشیات کا کاروبار عروج پر ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے گٹکا ماوا کی تیاری، فروخت اور استعمال پر پابندی کے باوجود ان غیر قانونی سرگرمیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

علاقہ مکینوں کا الزام ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل ظہور عرف فرحان مبینہ طور پر ایس ایچ او اورنگی اور ڈی ایس پی اورنگی کے نام پر منشیات فروشوں سے ہفتہ وصولی کرتا ہے، جس کے باعث کارروائی نہ ہونے کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں۔

باوثوق ذرائع کے مطابق اورنگی تھانے کی حدود میں 12 نمبر، 13 نمبر پھول کی دکان کے اطراف، قطر اسپتال کے سامنے، آٹھ نمبر صدام، 5 نمبر پیٹرول پمپ کے سامنے، داتا نگر، بلوچ گوٹھ، کالا میدان اور گبول کے علاقوں میں گٹکا ماوا کی مبینہ فروخت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث علاقے کا ماحول خراب ہو رہا ہے اور نوجوان نسل تیزی سے نشہ آور اشیاء کی طرف مائل ہو رہی ہے، جو ایک سنگین سماجی مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گٹکا ماوا کے خلاف قائم ٹاسک فورس، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان شکایات کی مکمل اور شفاف تحقیقات کریں، اور اگر کوئی فرد یا گروہ ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں