کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے تھانہ بریگیڈ کی حدود میں حب چوکی کا بدنامِ زمانہ ماوا گٹکا فروش مزمل عرف موجی ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مزمل عرف موجی نے اپنے خاص کارندے شہزاد عرف ملا کے ذریعے دوبارہ تھانہ بریگیڈ کی کمان سنبھال لی ہے اور علاقے بھر میں ماوا گٹکا کی سپلائی شروع کر دی گئی ہے۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مزمل عرف موجی خود کو ڈی آئی جی ایسٹ کے دفتر سے مبینہ طور پر ’’موکل‘‘ حاصل کرنے کا دعویدار بتاتا ہے، جس کی آڑ میں اس نے لائنز ایریا، جیکب لائن، جٹ لائن، نظامی روڈ، ڈبے شاہ، دھوبی گلی، سبزی گلی، ورکشاپ ایریا، سوسائٹی آفس اور خداداد کالونی میں قائم کیبنوں پر ماوا گٹکا کی کھلے عام سپلائی شروع کر رکھی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ماوا گٹکا فروشی کے باعث نوجوان نسل شدید متاثر ہو رہی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ماوا گٹکا فروشوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے اور علاقے کو اس ناسور سے پاک کیا جائے۔
پولیس حکام کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اعلیٰ حکام اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے عملی اقدامات کریں گے۔


