23

سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) بی آر ٹی ییلو لائن کرپشن کیس میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ تفتیشی افسر شیر زمان نے عدالت سے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ ملزم پر کیا الزام ہے اور اسے کہاں سے گرفتار کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ضمیر عباسی کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس ضمن میں چار روزہ ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا۔

عدالت نے ایف آئی آر میں ملزم کے کردار سے متعلق استفسار کیا جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ضمیر عباسی بی آر ٹی ییلو لائن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر رہے ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق کیس میں ایک اور ملزم جھامن داس بھی شامل ہے جسے گرفتار کرنا باقی ہے، جبکہ ملزم سے مزید تفتیش ضروری ہے۔

عدالت کے سوال پر بتایا گیا کہ یہ منصوبہ بی آر ٹی پروجیکٹ کے نام سے جانا جاتا ہے اور اس کیس میں سی ایم آئی ٹی کی جانب سے بھی انکوائری کی جا چکی ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق انکوائری میں ملزم کے خلاف ایڈوانس پیمنٹ سے متعلق شواہد سامنے آئے ہیں۔

دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم ضمیر عباسی کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر Anti Corruption Establishment Sindh کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے ملزم کو رہا کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سرکاری وکیل اور تفتیشی افسر کو نوٹس بھی جاری کر دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں