کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گلبرگ میں گھر میں چوری کے مقدمے کے دوران ملزمہ کے فرار کے معاملے پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سینیئر سپرنٹنڈنٹ وومن جیل حمیرا قیوم کو طلب کر لیا۔
عدالت کے روبرو پیش ہوتے ہوئے وومن جیل سپرنٹنڈنٹ حمیرا قیوم نے واضح کیا کہ ملزمہ رمضانہ جیل سے فرار نہیں ہوئی بلکہ وہ کورٹ پولیس کی تحویل سے فرار ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمہ کو پیشی کے لیے عدالت لایا گیا تھا، جہاں سے وہ مبینہ طور پر سیکیورٹی عملے کی ملی بھگت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئی۔
وومن جیل سپرنٹنڈنٹ نے مزید بتایا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مدعیہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس کے نامناسب رویے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عدالت نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمہ رمضانہ کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔
عدالت نے متعلقہ ایس ایس پی کو ہدایت جاری کی کہ شکایت کنندگان کے ساتھ پیشہ ورانہ اور شائستہ برتاؤ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


