8

منشیات اور اسلحہ برآمدگی کیس میں ملزم باعزت بری

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے مقدمے میں عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے ملزم ریاض عرف بطخ کو باعزت بری کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ پراسیکیوشن ملزم کے خلاف عائد الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے فوری طور پر جیل سے رہا کیا جائے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تفتیشی افسر اور گواہوں کے بیانات میں واضح تضادات پائے گئے ہیں، جس کا فائدہ ملزم کو دیتے ہوئے بری کیا جاتا ہے۔

پراسیکیوشن کے مطابق پولیس نے ملزم کو چھ مئی 2025 کو مقابلے کے بعد پاک کالونی کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضے سے آئس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ملزم کے وکیل سید ندیم الحق ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کی جانب سے ایک بھی پرائیویٹ گواہ پیش نہیں کیا گیا جبکہ ملزم پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد پراسیکیوشن کے شواہد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ملزم ریاض عرف بطخ کو باعزت بری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں