14

سابقہ شوہر کے ساتھ مل کر حاضر سروس شوہر کے قتل کا الزام، لیڈی کانسٹیبل گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے مومن آباد میں پیش آنے والے ایک اندوہناک واقعے میں سابقہ شوہر کے پاس دوبارہ واپس جانے کے مبینہ جنون میں مبتلا لیڈی کانسٹیبل پر اپنے موجودہ شوہر کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

پولیس اور تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ دعا ایک حاضر سروس پولیس اہلکار ہے اور تھانہ سپر مارکیٹ میں تعینات ہے۔ الزام ہے کہ اس نے اپنے سابقہ شوہر فہد کے ساتھ مل کر موجودہ شوہر کو قتل کیا۔ مقدمے میں نامزد شریک ملزم فہد تاحال فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ دعا تین بچوں کی ماں ہے۔ اس نے پہلے شوہر سے طلاق لی تھی اور بعد ازاں مقتول شوہر سے شادی کی، جبکہ ان کا ولیمہ 18 جون کو ہونا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا اور ابتدائی تفتیش شروع کر دی۔

عدالت نے ملزمہ دعا کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دے دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس سے متعلق مزید حقائق اور تفصیلات آئندہ ایک دو روز میں سامنے آنے کی توقع ہے، جبکہ فرار شریک ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں