کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر میں مختلف مقامات پر گیس سلنڈروں کے پھٹنے کے واقعات اور ان سے ہونے والے نقصانات پر شہری حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں مبینہ طور پر رہائشی فلیٹس کے نیچے اور گنجان علاقوں میں گیس سلنڈر کی دکانوں کی موجودگی کو خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں ہوٹلوں، چائے اور پراٹھا سینٹرز سمیت مختلف کاروباری مراکز پر گیس سلنڈروں کا بے تحاشہ استعمال جاری ہے، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ رہتا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈر کی غیر محفوظ اسٹوریج اور دکانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد “ٹائم بم” کی شکل اختیار کر چکی ہے، جو آبادی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
مزید الزامات میں کہا گیا ہے کہ بعض مقامات پر مبینہ طور پر متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی نہ ہونے کے باعث یہ کاروبار بلا خوف و خطر جاری ہے، جس پر عوامی سطح پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گنجان آبادیوں میں غیر محفوظ گیس سلنڈر دکانوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔


