4

میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر اور اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن(ر) فرید حنیف کا مساجد و امام بارگاہوں کا دورہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر عزاداران کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور مجالس و جلوسوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن عبدالجبار مہر نے اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن (ر) فرید حنیف کے ہمراہ نیو کراچی ٹاؤن کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران جامع مسجد و امام بارگاہ جعفریہ سیکٹر 5-D، امام بارگاہ ولی عصر سیکٹر 5-M، مسجد و امام بارگاہ آل محمد سیکٹر 5-C/3، امام بارگاہ سیکٹر 11-B، مسجد و امام بارگاہ ابو تراب سیکٹر 5-G اور امام بارگاہ کاروانِ حیدری سمیت مختلف امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ وفد نے مساجد و امام بارگاہوں کی انتظامی کمیٹیوں سے ملاقاتیں کیں اور محرم الحرام کے دوران درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہی حاصل کی۔اس موقع پر ایکسیئن بی اینڈ آر جہاں زیب خان، بی اینڈ آر انچارج فیصل صغیر، ڈائریکٹر انسداد تجاوزات عبیدالرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد، افسر باغات جاوید جمال، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نیو کراچی خالد شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر سینی ٹیشن نارتھ کراچی محمد علی، اسٹاف آفیسر محمد علی، ایکسیئن ایم اینڈ ای ماجد علی، افسر ایم اینڈ ای عرفان خان، واٹر کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران بھی موجود تھے۔میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا نیو کراچی ٹاؤن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی، نکاسی آب، تجاوزات کے خاتمے، جراثیم کش اسپرے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف خصوصی صفائی مہم چلائی جائے، سیوریج کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور جلوسوں کے روٹس پر موجود گڑھوں اور ٹوٹ پھوٹ کا ہنگامی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران تمام بلدیاتی محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں گے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن (ر) فرید حنیف نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، نیو کراچی ٹاؤن، واٹر کارپوریشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ مجالس اور جلوسوں کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔دورے کے دوران مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامی کمیٹیوں نے بلدیاتی انتظامات میں دلچسپی لینے پر میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر اور اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) فرید حنیف کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں