وزیر آبپاشی جام خان شورو کی زیر صدارت اہم اجلاس، ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو کی زیر صدارت آج بروز جمعہ کو ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں آبپاشی کےترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری آبپاشی ظریف اقبال کھیڑو اور محکمہ آبپاشی کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس کا اہم محور آئندہ مالی سال 26-2025 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کے لیے تکنیکی لحاظ سے قابل عمل اور فوری توجہ کے مستحق منصوبوں کو حتمی شکل دینا تھا۔ اس موقع پر وزیر آبپاشی جام خان شورو نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مجوزہ اسکیموں کی افادیت اور ان کے ممکنہ اثرات کا تفصیلی جائزہ لیں۔وزیر جام خان شورو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آبپاشی کے ترقیاتی منصوبوں کا انتخاب کرتے وقت پائیداری اور عوامی ضروریات کو مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاری مالی سال 25-2024 کے اے ڈی پی اور پی ایس ڈی پی کے تحت جاری مختلف آبپاشی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر نے افسران کو ان منصوبوں کی مقررہ وقت پر تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور زور دیا کہ تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔اجلاس میں (LTBC) کی اہم اسکیموں کا بھی دوبارہ جائزہ لیا گیا تاکہ ان کی اہمیت اور پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔ جام خان شورو نے بتایا کہ اجلاس میں ان اسکیموں کی بھی نشاندہی کی گئی جنہیں قانونی یا انتظامی مسائل کا سامنا ہے، تاکہ آئندہ اے ڈی پی میں ان کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کیا جا سکے۔ وزیر آبپاشی نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر ضروری تاخیر یا قانونی پیچیدگیوں کا شکار منصوبوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ آبپاشی کے شعبے کی ترقی کے لیےپرعزم ہے اور ایسےمنصوبوں کو ترجیح دیگی جن سے صوبے میں زراعت اور معیشت کو فائدہ پہنچے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں