شکارپور(ایچ آراین ڈبلیو) شکارپور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اغوا کے ایک جھوٹے ڈرامے کو بے نقاب کر دیا۔ اغوا کے اس ڈرامے کا ماسٹر مائنڈ باپ نکلا، جو اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیا۔ یہ بات محمد کلیم ایس ایس پی شکارپور نے میڈیا کو بتاتے ہوئے کہی۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ 08 جون بوقت تقریباً 11:00 بجے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی تھی، جس میں جلال الدین جعفری نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے بھائی شہزادو جعفری نے ساتھیوں کے ہمراہ گاؤں عبدالقادر جعفری میں واقع زرعی زمین سے اس کے دو بیٹوں، محمد علی اور ساجد حسین کو اغوا کر کے جنگل میں باندھ دیا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی شکارپور محمد کلیم نے فوری طور پر ڈی ایس پی گڑھی یاسین کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور ملزمان کی گرفتاری اور مبینہ مغویوں کی بازیابی کے احکامات جاری کیے۔
ڈی ایس پی گڑھی یاسین منیر احمد پھلپوٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر جھوٹا اغوا کا ڈرامہ رچانے والے دونوں افراد محمد علی جعفری اور ساجد حسین جعفری کو تحویل میں لے لیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ ان کے چچا شہزادو جعفری کے ساتھ پرانے رشتے کے تنازع پر خاندانی جھگڑا چل رہا تھا۔ اسی رنجش کی بنیاد پر انہوں نے اپنے والد جلال الدین جعفری کے ساتھ مل کر چچا کو اغوا کے مقدمے میں پھنسانے کے لیے اغوا کا جھوٹا ڈرامہ رچایا۔
پولیس کو گمراہ کن اور جھوٹی اطلاع دینے پر ملزمان کے خلاف سرکاری مدعیت میں تھانہ گولودڑو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایس پی شکارپور محمد کلیم نے قلیل وقت میں جھوٹے ڈرامے کو بے نقاب کر کے حقائق سامنے لانے پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش بھی دی۔


