کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)معروف سیاستدان منظور وسان نے سابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس غلام شبیر شیخ کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس ارسال کر دیا ہے۔
لیگل نوٹس بیرسٹر مصطفیٰ مہیسر کے توسط سے بھیجا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ غلام شبیر شیخ کی جانب سے سوشل میڈیا انٹرویوز میں منظور وسان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔
لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ منظور وسان نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے، جبکہ جھوٹے اور بدنیتی پر مبنی بیانات سے ان کی سیاسی ساکھ، وقار اور نصف صدی پر محیط سیاسی جدوجہد کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔
نوٹس کے مطابق غلام شبیر شیخ فوری طور پر عوامی سطح پر غیر مشروط معافی مانگیں اور منظور وسان کے خلاف جاری مبینہ پروپیگنڈا بند کریں، بصورتِ دیگر 14 روز کے اندر معذرت نہ کرنے کی صورت میں پیکا ایکٹ اور ہتکِ عزت کے قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لیگل نوٹس میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہتکِ عزت کے ازالے کے طور پر 50 کروڑ روپے بطور معاوضہ ادا کیے جائیں۔ منظور وسان کے وکلاء کا کہنا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کا مقصد سچائی کا دفاع اور سیاسی کردار کشی کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہے۔


