پرامن اور گرین پاکستان کی جانب ایک قدم: صبحِ نو کی قومی شجرکاری دن منانے کی تجویز

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) معروف سماجی تنظیم صبحِ نو نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی اتحاد اور استقامت کی علامت کے طور پر ہر سال قومی شجرکاری دن منانے کی تجویز پیش کی ہے۔
اس حوالے سے صبحِ نو کی چیئرپرسن محترمہ شاہدہ کوثر فاروق نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے نام ایک خط میں پاکستانی قوم، حکومت اور مسلح افواج کو ان کے پُرامن، متحد اور باوقار ردِعمل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے تجویز دی کہ اس قومی اتحاد کو ایک ملک گیر شجرکاری مہم کے ذریعے ایک بامعنی اور پائیدار اقدام کے ذریعے سراہا جائے ۔
مسز فاروق نے کہا کہ اس دن کو قومی یکجہتی کی یادگار بنانے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد کا آغاز بھی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ مہم اسی سال سے شروع کی جائے تاکہ عالمی موسمی تبدیلیوں کے خطرات سے دوچار پاکستان اپنے ماحولیاتی تحفظ کو بہتر بنا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں اشتعال انگیزی کے باوجود جس تدبر اور صبر کا مظاہرہ کیا، وہ ایک قومی طاقت ہے جسے صرف تاریخ کا حصہ نہ بنایا جائے بلکہ ایک دوراندیش وژن سے جوڑا جائے ، ایسا وژن جو امن، استقامت اور پائیداری پر مبنی ہو۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ شجرکاری کے دوران مقامی اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں درختوں کی اقسام کو ترجیح دی جائے، اور اس ضمن میں وفاقی و صوبائی محکموں کے ساتھ مربوط حکمتِ عملی ترتیب دی جائے تاکہ ماحول پر دیرپا مثبت اثرات مرتب ہوں۔
صبحِ نو نے اس مجوزہ مہم کی منصوبہ بندی اور فروغ کے لیے حکومت کو مکمل مشاورتی تعاون فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں