13

پی اے سی کا بڑا فیصلہ، شہر کی تمام یونین کمیٹیز کا 3 سالہ خصوصی آڈٹ کرنے کا حکم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے کراچی کی تمام یونین کمیٹیز کے مالی معاملات کا خصوصی آڈٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے کراچی کی 246 یونین کمیٹیز کے گزشتہ تین سال کے اسپیشل فنانشل آڈٹ کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ڈی جی آڈٹ لوکل گورنمنٹ سندھ کو فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے خط پر قائمہ کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا، جس کے تحت یو سیز کو ملنے والے ماہانہ فنڈز اور مجموعی اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق سندھ حکومت ہر یونین کمیٹی کو ماہانہ 12 لاکھ روپے جبکہ مجموعی طور پر 246 یو سیز کو ماہانہ 29 کروڑ 52 لاکھ روپے جاری کرتی ہے۔ پی اے سی نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ خطیر فنڈز کہاں خرچ ہو رہے ہیں، جبکہ ان کی مؤثر مانیٹرنگ کا نظام موجود نہیں۔

کمیٹی نے یونین کمیٹیز کے ملازمین کی پنشن، روڈ کٹنگ چارجز اور دیگر آمدن کی تفصیلات بھی طلب کرتے ہوئے ان تمام ریکارڈز کو فوری طور پر جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے کہا کہ عوامی فنڈز کی شفافیت یقینی بنانا ناگزیر ہے، اور اگر آڈٹ میں مالی بے ضابطگیاں یا فنڈز کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی آڈٹ کی رپورٹ جلد پی اے سی کو پیش کی جائے تاکہ تمام معاملات کا شفاف جائزہ لیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں