9

پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کی سبسڈی ختم کرنے کی خبروں پر امتیاز شیخ کا اظہارِ تشویش

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)امتیاز شیخ نے پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کے لیے سبسڈی ختم کرنے اور میٹر اسکیم پر پابندی سے متعلق خبروں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 200 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے سبسڈی واپس لینا غریب اور متوسط طبقے کے ساتھ کھلی زیادتی ہوگی۔

امتیاز شیخ کے مطابق ملک میں پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، طویل لوڈشیڈنگ اور بھاری بجلی بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، ایسے میں مزید بوجھ ڈالنا عوام دشمن اقدام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پروٹیکٹڈ صارفین وہ طبقہ ہے جو محدود آمدن میں اپنے گھریلو اخراجات پورے کرتا ہے، اور اگر ان کی سبسڈی ختم کی گئی تو لاکھوں خاندان شدید مالی بحران کا شکار ہو جائیں گے۔

سابق وزیر توانائی نے کہا کہ دیہاڑی دار مزدور اور سفید پوش طبقہ پہلے ہی بھاری بلوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، جبکہ اضافی ٹیکسز نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کی سبسڈی برقرار رکھی جائے اور بجلی کے بلوں میں شامل غیر ضروری ٹیکسز ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں