22

گلستانِ جوہر میں کے ڈی اے کا انسدادِ تجاوزات آپریشن، متعدد غیرقانونی تعمیرات مسمار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ادارہ ترقیات کراچی کے ڈائریکٹر جنرل آصف جان صدیقی کی ہدایت پر گلستانِ جوہر بلاک 6 میں بڑے پیمانے پر انسدادِ تجاوزات آپریشن کیا گیا۔

شکیل احمد خان کی نگرانی میں پلاٹس نمبر C-15، C-16 اور C-17 پر قائم غیرقانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا گیا۔

آپریشن کے دوران کے ڈی اے کی زمین پر قائم متعدد تجاوزات ختم کر کے اراضی واگزار کرالی گئی۔ محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے مطابق شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کہا کہ قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی ہر صورت واگزار کرائی جائے گی اور اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی تعاون لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آپریشن کو مزید تیز کیا جائے اور کے ڈی اے کی زمینوں کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کیا جائے۔

محکمہ کے مطابق واگزار کرائی گئی اراضی کو اصل حالت میں بحال کیا جا رہا ہے اور انسدادِ تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں