کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 3 میں پلاٹ نمبر 3F 19/2 پر مبینہ طور پر غیر قانونی گراؤنڈ پلس ٹو (G+2) تعمیرات اور دکانیں دوبارہ مکمل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ عمارت پر اس سے قبل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے ڈیمولیشن کارروائی بھی کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود تعمیراتی کام دوبارہ تیزی سے مکمل کر لیا گیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقے میں غیر قانونی کمرشل دکانوں اور اضافی فلور کی تعمیر سے ٹریفک، پارکنگ اور سیوریج کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مکینوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ایس بی سی اے نے پہلے کارروائی کی تھی تو دوبارہ تعمیرات کیسے مکمل ہو گئیں۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بعض بااثر عناصر کی سرپرستی میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ متعلقہ افسران مبینہ طور پر خاموش ہیں۔
شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پلاٹ نمبر 3F 19/2 ناظم آباد پر ہونے والی مبینہ غیر قانونی تعمیرات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مؤثر آپریشن شروع کیا جائے تاکہ قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔


