39

نیو کراچی ٹاؤن میں عیدالاضحی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ، متعلقہ بلدیاتی ادارے کو سخت ہدایات

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو )چیئرمین نیوکراچی ٹاؤن محمد یوسف نےوائس چیئرمین شعیب بن ظہیرکےہمراہ عیدالاضحی سے قبل صفائی ستھرائی اور بلدیاتی خدمات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران، ٹاؤن انتظامیہ اور عوامی نمائندوں نے خصوصی شرکت کی۔خصوصی اجلاس میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اُٹھانے اور ان کو مقررہ جگہ پرٹھکانےلگانے کے ساتھ صفائی ستھرائی کے موثرنظام اور عملے کی دستیابی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نےواضح کیا کہ عیدالاضحی کےموقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور آلائشوں کو فوری طور پر اُٹھا کر مقررہ جگہ منتقل کرے۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ متعلقہ ادارے کے کام کی نگرانی بھی کرے گی اور مکمل تعاون بھی فراہم کرے گی۔اجلاس کے دوران سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے انتظامی پلان پیش کیا گیا تاہم چیئرمین محمد یوسف اس منصوبے پر غیر مطمئن دکھائی دیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گاڑیوں، مشینری، عملے اور دستیاب سہولیات کی مکمل تفصیلات کے ساتھ نیا پلان تیار کیا جائے۔چیئرمین محمد یوسف نے متعلقہ ادارے کو آئندہ اجلاس میں مکمل پیپر ورک کے ساتھ دوبارہ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح اس بار ناقص انتظامات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برس ادارہ مطلوبہ افرادی قوت اور گاڑیوں کی فراہمی میں ناکام رہا تھا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا-

اپنا تبصرہ بھیجیں