کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سیدہ تحسین عابدی، ترجمان حکومت سندھ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
ترجمان کے مطابق عوام نے مختلف ہیلپ لائن نمبرز، جن میں 919 سمیت دیگر نمبرز شامل ہیں، کے ذریعے اپنے مسائل اور شکایات درج کرائی ہیں۔
سیدہ تحسین عابدی نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق چیف منسٹر پبلک کمپلینٹ سیل عوام اور حکومت کے درمیان ایک مؤثر رابطہ کا ذریعہ ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں قائم شکایت سیل کے ذریعے شہریوں کے مسائل سن کر فوری کارروائی کی جا رہی ہے، تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


