وزیراعلیٰ سندھ سیکریٹریٹ کا عوامی شکایات پر سخت ایکشن، زیر التواء کیسز فوری نمٹانے کے احکامات

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ سندھ سیکریٹریٹ نے عوامی شکایات کے ازالے میں تاخیر پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق سرکاری محکموں میں 72 فیصد شکایات تاحال زیر التواء ہیں، جس پر چیف منسٹر پبلک کمپلینٹ سیل کی کارکردگی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ہنگامی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تمام انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ اسی طرح ایس بی سی اے، کے ڈی اے، کے ایم سی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی شکایات پر فوری رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔مراسلے میں تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو بھی عوامی شکایات کے فوری حل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ نے وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی کو بھی اس عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ہدایات موصول ہونے پر ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے فوری طور پر فوکل پرسن تعینات کر دیا ہے، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر معین الدین کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات سے متعلق شکایات پر تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 14 مئی تک تمام زیر التواء شکایات نمٹائی جائیں، بصورت دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں