کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پارلیمانی سیکرٹری برائے کھیل و امور نوجوانان سندھ اسمبلی، محترمہ صائمہ آغا نے آج قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والی باکسنگ چیمپئن عالیہ سومرو سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صائمہ آغا نے عالیہ سومرو کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور انہیں پاکستان کی قابلِ فخر بیٹی قرار دیا۔
محترمہ صائمہ آغا نے کہا کہ”عالیہ سومرو جیسے نوجوان ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی محنت، لگن اور کامیابیاں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ حکومت سندھ باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرتی رہے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا وقار بلند کر سکیں۔”
ملاقات کے دوران عالیہ سومرو نے اپنی کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف سے پارلیمانی سیکرٹری کو آگاہ کیا اور کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومتی سرپرستی پر شکریہ ادا کیا۔
یہ ملاقات نہ صرف ایک تعریفی اقدام تھی بلکہ کھیلوں میں خواتین کی شمولیت اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے عملی اقدامات کی عکاس بھی ہے۔ محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ آئندہ بھی باصلاحیت نوجوانوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گا۔


