ایف آئی اے سی بی سی کی بڑی کارروائی، بین الاقوامی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ایف آئی اے سی بی سی کراچی نے شاہراہِ فیصل پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران غیر قانونی مالیاتی نظام چلانے والے عناصر کو بے نقاب کیا گیا اور ایک اہم چھاپہ XPO Maritime Logistics پر مارا گیا۔

کارروائی میں دوملزمان فیصل ابوبکراور علی رضا کو گرفتار کیا گیا، جو غیر قانونی رقوم کی منتقلی میں سرگرم پائے گئے۔حکام کے مطابق چھاپے کے دوران 54 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے، 44 ہزار 140 امریکی ڈالر اور 45 ہزار 155 اماراتی درہم برآمد کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد نے ایک بڑے بین الاقوامی نیٹ ورک کے انکشاف میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں تقریباً 10 لاکھ امریکی ڈالر کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا بھی انکشاف ہوا ہے، جبکہ نیٹ ورک کے دبئی، امریکہ اور دیگر ممالک تک پھیلے روابط سامنے آئے ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار منظم انداز میں چلایا جا رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان، برآمد شدہ رقم اور ڈیجیٹل شواہد کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی مالیاتی جرائم اور منی ٹرانسفر سسٹمز کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں