حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)قاسم آباد پولیس نے کاشف باغی قتل کیس میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مرکزی ملزم آفاق کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا، جسے راہداری ریمانڈ پر حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 13 مارچ 2026 کو سندگ کاٹیج پلازہ، قاسم آباد کی حدود میں پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے عہدیدار کاشف قائمخانی المعروف “کاشف باغی” کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایت پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کر کے قانونی کارروائی شروع کی گئی۔مقتول کے بھائی محمد آصف قائمخانی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 134/2026 تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 109 اور 34 کے تحت درج کیا گیا، جس میں ملزمان ولید فاروقی، آفاق اور دو نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق جدید تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کے دوران انسپکٹر بچل دل نے مرکزی ملزم آفاق کو اسلام آباد سے گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم آفاق کے مبینہ اکسانے پر ولید فاروقی نے مقتول کو قتل کیا۔پولیس نے ملزم سے راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد اسے حیدرآباد منتقل کر دیا ہے، جہاں مزید تفتیش جاری ہے۔حکام کے مطابق ملزم کو کل عدالت میں پیش کر کے مزید ریمانڈ حاصل کیا جائے گا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ایس پی حیدرآباد نے پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیس میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔


