حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو اور ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایات پر پولیس نے منشیات فروشوں اور سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران منشیات، اسلحہ، شراب اور مضر صحت حقہ فلیورز برآمد کیے گئے ہیں۔
تھانہ مکی شاہ
ایس ایچ او انسپکٹر شہزاد قاضی نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات سپلائر سلمان شوکت کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 510 گرام ویڈ اور ایک لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئی۔ ملزم کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تھانہ فورٹ
فورٹ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران غلام علی قمبرانی اور انس پنہور کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق مقابلے کے بعد دونوں ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جن کے خلاف تعزیرات پاکستان اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔مزید کارروائی میں منشیات سپلائرز ذوالفقار علی آرائیں اور محمد اسماعیل قریشی کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 21، 21 گرام آئیس برآمد ہوئی۔
تھانہ بھٹائی نگر
پولیس نے ایک نجی کیفے پر چھاپہ مار کر 3 ملزمان سجاد علی چانڈیو، جنید صادق راجپوت اور مزمل علمانی کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 13 حقے اور 22 مضر صحت حقہ فلیورز برآمد ہوئے۔ ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تھانہ کینٹ
کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش امجد پٹھان کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 4 شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ ملزم کے خلاف حدود آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں منشیات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


