پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)مئی 2023 کے تشدد سے متعلق کیس میں پشاور کی عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 74 کارکنوں کو بری کر دیا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ استغاثہ کی جانب سے پیش کیا گیا مقدمہ کمزور اور بے بنیاد الزامات پر مبنی تھا، جس کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔
9 مئی اور اس کے بعد پیش آنے والے واقعات کو عدالتی فیصلے میں قابلِ مذمت قرار دیا گیا، تاہم بریت کے اس فیصلے کو قانونی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق اس نوعیت کے فیصلے سیاسی کشیدگی میں کمی اور مفاہمت کے عمل کے آغاز میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک منقسم معاشرے میں ایسے اقدامات ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے بین الاقوامی سطح پر مثبت تشخص کے تناظر میں ضروری ہے کہ اندرونی سیاسی و قانونی معاملات کو بھی شفاف اور متوازن انداز میں آگے بڑھایا جائے۔


