سمندری حدود کا ناقابلِ تسخیر دفاع، پاک بحریہ میں پہلی ہنگور کلاس آبدوز شامل

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان کی سمندری دفاعی صلاحیتوں میں تاریخی اضافہ ہو گیا ہے، جہاں پاک بحریہ میں پہلی ہنگور کلاس آبدوز باضابطہ طور پر شامل کر لی گئی ہے، جس سے ملک کی سمندری حدود کا دفاع مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت کی پروقار تقریب چین کے شہر سانیا میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبدوز ہنگور کی شمولیت پاک بحریہ کی جدت اور جدیدیت کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور اقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور ملک ایک مضبوط، متوازن اور قابلِ اعتماد دفاعی نظام برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور خطے میں بحری استحکام کے فروغ میں پاکستان کا کردار مزید مؤثر ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں