کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ حکومت نے کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتی شعبے کو ریلیف دینے کے لیے سستی بجلی فراہم کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں کے الیکٹرک کے چیئرمین شہریار چشتی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مشترکہ مطالعہ کیا جائے تاکہ حقیقی مستحقین کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کم آمدن والے علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے جامع تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی پسماندہ علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی لانا ناگزیر ہے تاکہ عوام کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بجلی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے، تاکہ معیشت کو تقویت ملے اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔
ذرائع کے مطابق ہدفی سبسڈی اور لوڈشیڈنگ میں کمی سے متعلق سفارشات جلد حتمی شکل دے کر عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔


