اسکولوں میں مذہبی رواداری کےفروغ کےلیےاہم پیش رفت، ہندو طلبہ کے لیے مذہبی کتب کی اشاعت کا فیصلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم ہندو برادری کے طلبہ کو ان کے مذہب کی تعلیم دینے کے لیے درسی کتب کی اشاعت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ نے اس اقدام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت جماعت 3 سے 5 تک کے ہندو طلبہ کے لیے مذہبی کتب شائع کی جائیں گی۔
تعلیمی حکام کے مطابق تعلیمی سال 2026-27 کے لیے ہندو سنتھا سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی مشاورت سے مذہبی کتب کی تیاری اور اشاعت کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ سندھ کریکولم کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں ہندو طلبہ کے لیے مذہبی تعلیم کی فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔
سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے مطابق آئندہ تعلیمی سال میں یہ کتب تمام متعلقہ اسکولوں میں فراہم کی جائیں گی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ کے سرکاری اسکولوں میں جماعت 3 سے 5 تک تقریباً 129,119 ہندو طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ 26,642 طلبہ ضلع تھرپارکر جبکہ 21,584 طلبہ ضلع عمرکوٹ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظام میں شمولیت، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں