کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شاہراہ بھٹو پر ایک تاجر سے 25 لاکھ روپے کی مبینہ ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کا مقدمہ 17 دن بعد درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ایف آئی آر نمبر 503/26 کمپنی منیجر کاشف منظور کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ مدعی کے مطابق کمپنی مالک حفیظ الرحمن 11 اپریل کی رات تقریباً ساڑھے 12 بجے دفتر سے نکلے اور ڈیفنس میں واقع اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے۔
بیان کے مطابق رات تقریباً 1:12 بجے جب وہ شاہراہ بھٹو سے اترے تو عقب سے آنے والی ایک کار نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔ گاڑی سے باہر نکلنے پر اچانک چار موٹر سائیکل سوار بھی موقع پر پہنچ گئے۔
مدعی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر انہیں یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے 25 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی۔ اس کے علاوہ ملزمان گاڑی میں موجود قیمتی کاغذات، بلز اور شناختی کارڈ بھی ساتھ لے گئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان کار نمبر DIB-548 میں سوار تھے جو مبینہ طور پر شاہراہ بھٹو پر متاثرہ گاڑی کا تعاقب کر رہے تھے۔ واردات کے بعد کار اور موٹر سائیکل سوار ملزمان بلوچ کالونی کی جانب ون وے راستے سے فرار ہوگئے۔پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔


