1965 اور 1971 کی جنگ کے ہیرو سیسل چودھری کی 14ویں برسی

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)سیسل چودھری پاک فضائیہ کے جانباز پائلٹ تھے جنہوں نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کا اصل نام فاؤسٹن ایلمر چودھری تھا اور وہ 27 اگست 1941 کو پیدا ہوئے۔

1965 کی جنگ میں انہوں نے متعدد اہم فضائی معرکوں میں حصہ لیا اور دشمن کے طیاروں کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔ ان کے ایک مشہور کارنامے میں کم ایندھن کے باوجود جہاز کو محفوظ طریقے سے سرگودھا ایئر بیس پر اتارنا شامل ہے، جسے ایک غیر معمولی مہارت قرار دیا جاتا ہے۔

1971 کی جنگ کے دوران بھی انہوں نے کئی خطرناک مشنز میں حصہ لیا، ایک مشن میں ان کا جہاز متاثر ہونے کے بعد وہ پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر اترے اور شدید زخمی ہونے کے باوجود خدمات انجام دیتے رہے۔

ان کی جرات اور خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ جرات اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے سفارتی اور تربیتی ذمہ داریاں بھی انجام دیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد شعبہ تعلیم سے وابستہ رہے۔

سیسل چودھری 13 اپریل 2012 کو لاہور میں انتقال کر گئے تھے، تاہم ان کی خدمات کو آج بھی پاک فضائیہ کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں