زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ایس ایس پی ٹریفک فیلڈ میں متحرک

ایبٹ آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایبٹ آباد میں عوامی شکایات پر ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق نے فوری ایکشن لیتے ہوئے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

ایس ایس پی ٹریفک خود فیلڈ میں موجود رہے اور شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں کروا کر پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کی۔ اس دوران مسافروں سے کرایوں کے بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔

کارروائی کے دوران زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی کی گئی، موقع پر ہی اضافی وصول کی گئی رقم مسافروں کو واپس دلوائی گئی جبکہ متعلقہ گاڑیوں کے چالان بھی کیے گئے۔

ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق نے کہا کہ مسافروں سے کسی بھی صورت زائد کرایہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ شکایت ثابت ہونے پر گاڑی بند کرنے اور ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے گرفتاری بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ زائد کرایہ ہرگز ادا نہ کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں