غزہ/تہران(ایچ آراین ڈبلیو) اسرائیل کی فوج کے ایران کے ساتھ ساتھ غزہ پر بھی حملے جاری ہیں۔ قابض صہیونی فوج نے غزہ کے مغازی پناہ گزین کیمپ پر حملہ کرتے ہوئے 10 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک اسکول کے باہر قائم بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بعض افراد کو اغوا کرنے کی غرض سے بھی کارروائی کی، تاہم اس حوالے سے اسرائیلی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث انسانی صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔


