جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو)غضنفر علی قادری نے واضح کیا ہے کہ اے ڈی پی 2025-26 کے تحت آر بی بی کالونی میں جاری ترقیاتی کاموں میں سست روی اور غیر معیاری کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جامشورو نے ضلع میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2025-26 کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینے کے لیے آر بی بی کالونی کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔
اسپورٹس گراؤنڈ میں کام کی غیر تسلی بخش رفتار اور معیار پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بلڈنگ کے انجینئرز پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ کام میں کسی قسم کی لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے اعلیٰ معیار، شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے آر بی بی کالونی میں پیور بلاک بچھانے کے کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں، اس لیے ان میں سست روی یا ناقص کام کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔
دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹری حسنین رضا میمن، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی جامشورو بلال قادر شورو، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور دیگر متعلقہ اہلکار بھی موجود تھے۔


