عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنرآصف رضانےکہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع پاکپتن میں ارتھ آور 2026 بھرپور انداز میں منایا جائے گا، جس کا مقصد توانائی کے تحفظ، بجلی کے ضیاع کی روک تھام اور ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک ذمہ دار معاشرے کی تشکیل اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔اس سلسلہ میں اج 28 مارچ 2026ء کو رات 8:30 سے 9:30 بجے تک “لائٹس آف” مہم کے تحت غیر ضروری روشنیاں بند رکھی جائیں گی،
جبکہ ہسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز کو معمول کے مطابق فعال رکھا جائے گا۔رات 8:30 بجے میونسپل پارک سیرگاہ پاکپتن اور فاطمہ جناح پارک عارفوالا میں شمع بردار آگاہی واک کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد شہریوں میں توانائی کے مؤثر استعمال اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی و عالمی مہم میں بھرپور شرکت کریں، غیر ضروری لائٹس بند کر کے توانائی کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور ایک روشن و محفوظ مستقبل کے لیے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔


