ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے نے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا

عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے ایم پی اے چوہدری جاوید احمد کے ہمراہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے نئے بلاک اور نیو غلہ منڈی میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبوں کی پیشرفت، معیار اور ٹائم لائن کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ وفد نے مختلف حصوں کا دورہ کر کے کام کے معیار کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا کہ حکومتِ پنجاب نوجوانوں کو باہنر بنانے اور جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے نئے بلاک کی بروقت تکمیل سے طلبہ کو معیاری سہولیات میسر آئیں گی جو انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیو غلہ منڈی میں جاری ترقیاتی کاموں کا مقصد تاجروں کو بہتر انفراسٹرکچر اور سہولیات فراہم کرنا ہے، جس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔

ایم پی اے چوہدری جاوید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور ووکیشنل اداروں کی اپ گریڈیشن ایک خوش آئند اقدام ہے۔

مزید کہا گیا کہ نیو غلہ منڈی کی بہتری سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور کاشتکاروں و تاجروں کو سہولت میسر آئے گی، جبکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہری جلد ان کے فوائد حاصل کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں