محکمۂ صحت خیبر پختونخوا کا کھلی کچہریاں منعقد کرنے کا فیصلہ

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) محکمۂ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں کھلی کچہریاں منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد عوامی شکایات کا بروقت ازالہ اور صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

محکمۂ صحت کی جانب سے ڈی ایچ کیوز کو جاری کردہ ہدایات کے مطابق کھلی کچہریوں کے عمل میں ڈی ایچ کیو اسپتالوں کے ساتھ ساتھ ٹی ایچ کیو اور کیٹیگری سی اسپتال بھی شامل ہوں گے۔ ان کھلی کچہریوں کے دوران عوامی شکایات سنی جائیں گی اور ان کے حل کے لیے مقررہ مدت کے اندر کارروائی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلعی سطح پر درپیش مسائل کو فوری طور پر متعلقہ افسران کو ارسال کیا جائے تاکہ تاخیر کے بغیر حل ممکن بنایا جا سکے۔

محکمۂ صحت نے کھلی کچہریوں کے اس عمل کو 30 مارچ تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے، جبکہ حکام کو اس حوالے سے پیش رفت رپورٹ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں