وزیراعظم کی زیرِ صدارت اہم اجلاس، مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی صورتحال پرغور

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ اور بدلتی ہوئی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت سیاسی و عسکری قیادت کا ایک اہم اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام شریک ہیں۔ اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے علاوہ توانائی بحران اور دیگر اہم قومی و بین الاقوامی امور زیرِ غور ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ کے ممکنہ تصفیے کے لیے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات پر بھی تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج شام صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ، مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور توانائی بحران پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر حکومتی اور اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے، سکیورٹی صورتحال اور پاکستان کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں