اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 30 مارچ تک ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ 24 مارچ کی شام یا رات کے دوران بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جو 27 مارچ کی رات سے شدت اختیار کر سکتا ہے۔ یہ موسمی نظام 31 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اس سسٹم کے زیرِ اثر بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان میں پنجگور، تربت، کیچ، آواران، مکران کے ساحلی علاقے، لسبیلہ، خضدار، چاغی، دالبندین، قلات، سبی، کوہلو، بارکھان، نصیر آباد، کوئٹہ، لورالائی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب اور مستونگ میں 24 مارچ کی شام سے 25 مارچ کی رات اور پھر 27 مارچ کی رات سے 29 مارچ کی صبح کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ چند علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔


