اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کو بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے انعقاد سے متعلق کئی دنوں سے مشاورت جاری تھی، جس کے بعد موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
محسن نقوی کے مطابق پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا، تاہم موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام میچز بغیر شائقین کے کھیلے جائیں گے اور اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کی افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز صرف لاہور اور کراچی میں منعقد ہوں گے۔ ان کے مطابق موجودہ پیٹرول بحران اور ممکنہ جنگی صورتحال کے باعث وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی آمد و رفت کو محدود کیا جا رہا ہے، جبکہ نیا شیڈول بھی جلد جاری کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شائقین کی عدم موجودگی کے باعث فرنچائزز کو ہونے والے مالی نقصان کو پی سی بی پورا کرے گا، جبکہ گیٹ منی پاکستان اسپورٹس بورڈ ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی اولین ترجیح کھلاڑیوں، آفیشلز اور عوام کی سلامتی ہے، اسی لیے یہ فیصلے کیے گئے ہیں۔


