لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) ٹاؤن شپ میں گزشتہ روز کتے کے کاٹنے سے آٹھ سالہ بچی مہر کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سینئر سیاستدان ساجدہ فاروق تارڑ نے ٹاؤن شپ میں متاثرہ خاندان کے گھر جا کر تعزیت کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات اور ساجدہ فاروق تارڑ نے مرحومہ مہر کے والد قیصر صدیق مسیح سے ملاقات کی اور اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے متاثرہ خاندان کو پانچ لاکھ روپے کا چیک دیا گیا جبکہ بچی کے والد کی نوکری کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
عطاء اللہ تارڑ نے واقعے کے تدارک کے لیے عملی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے رفاقت ڈوگر اور میری گل پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی پر عدالتی سٹے کے معاملے میں متعلقہ عدالت کے سامنے صورتحال رکھے گی اور سٹے کے خاتمے کے لیے درخواست بھی دائر کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس واقعے پر دل انتہائی غم زدہ ہے، اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندان کو صبر عطا فرمائے، ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیے جو بھی ممکن ہوا، کیا جائے گا۔


