انسٹاگرام پر انکرپٹڈ میسجنگ ختم کرنے کا فیصلہ، سکیورٹی خدشات میں اضافہ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)انسٹاگرام نے صارفین کے لیے انکرپٹڈ میسجنگ فیچر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جو 8 مئی سے نافذ العمل ہوگا۔ کمپنی کے مطابق اس فیصلے کی بنیادی وجہ اس فیچر کا کم استعمال ہے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ بہت کم صارفین نے انسٹاگرام پر انکرپٹڈ میسجنگ کو اپنایا، جبکہ محفوظ رابطے کے لیے صارفین کے پاس واٹس ایپ جیسا متبادل پلیٹ فارم پہلے ہی موجود ہے، جہاں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سہولت دستیاب ہے۔

دوسری جانب سائبر سکیورٹی ماہرین نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق انکرپٹڈ میسجنگ کے خاتمے سے عالمی سطح پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے معیار کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر دیگر ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی اسی طرز کے فیصلے کرنے لگیں تو صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ اور پرائیویسی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

سائبر ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حساس گفتگو کے لیے ایسے پلیٹ فارمز استعمال کریں جہاں مضبوط سکیورٹی اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سہولت دستیاب ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں