اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیرِ اعظم کی ہدایت پر امیر طبقے کی لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر عائد لیوی میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سرکاری فیصلے کے مطابق ہائی آکٹین فیول پر موجودہ لیوی 100 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 300 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر ضروری اور لگژری استعمال کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ حکومتی ریونیو میں اضافہ کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہائی آکٹین فیول عام طور پر مہنگی اور طاقتور گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس پر اضافی ٹیکس عائد کرنا معاشی طور پر مناسب سمجھا گیا ہے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق لیوی میں اضافے سے حاصل ہونے والی آمدن عوامی فلاحی منصوبوں اور مالی خسارے کو کم کرنے میں استعمال کی جائے گی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ہائی آکٹین فیول کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس کا اثر براہِ راست لگژری گاڑیوں کے صارفین پر پڑے گا۔


