ٹوبہ ٹیک سنگھ (ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جدید گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے مقامی قیادت کے ہمراہ بسوں کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ایم پی اے چوہدری امجد علی جاوید، کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی، سردار راحیل انور گجر اور مسلم لیگ (ن) کی ضلعی قیادت نے شرکت کی۔
تقریب میں کمشنر راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنر عمر میلہ اور ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہریوں کے لیے 15 جدید الیکٹرک بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، موبائل چارجنگ پوائنٹس اور ایئر کنڈیشنڈ سہولیات موجود ہیں۔ کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ طلبا، بزرگ شہری اور معذور افراد کے لیے بس سروس مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
گرین الیکٹرک بس سروس کو شہر کے ساتھ ساتھ نواحی علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی، اور مرحلہ وار مزید 1500 بسوں کا اضافہ کیا جائے گا، جس سے پورے صوبے کے شہری مستفید ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چھوٹے اضلاع کے عوام کو بھی بڑے شہروں کے شہریوں کے برابر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بس سروس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔


