اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی موجودگی میں عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ چیک اپ

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)اڈیالہ جیل میں بانی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ معائنہ کیا گیا، جس کے دوران ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے تشکیل دیے گئے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز کی ٹیم میں ماہرین امراض چشم پروفیسر ندیم قریشی، ڈاکٹر عارف خان، پروفیسر الطاف حسین، پروفیسر اختر علی بندیشہ اور ڈاکٹر علی عارف شامل تھے۔ معائنے کے دوران جدید آلات سے لیس ایک سرکاری ایمبولینس بھی جیل میں موجود تھی۔

میڈیکل بورڈ نے بتایا کہ قبل ازیں بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا علاج پمز اسپتال میں دو مرتبہ کیا جا چکا ہے، اور انہیں تیسرے انجیکشن کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹرز نے آنکھ میں پیش رفت کا جائزہ لیا تاکہ علاج کے اگلے مرحلے کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔

میڈیکل ٹیم عدالتی حکم پر تشکیل دی گئی تھی، جس کے بعد چیف کمشنر اسلام آباد کو میڈیکل رپورٹ پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر عطا تارڑ نے اعلان کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ان کے بچوں کی فون پر عید کے روز بات کرائی جائے گی۔ عطا تارڑ کے مطابق نائیکوپ کارڈز پر پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو قیام کے دوران پاکستانی قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں