اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور اسے کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
خطے کی موجودہ صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں جاری سنگین جنگی ماحول کے تناظر میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور مسئلہ کشمیر کو ہرگز نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی توجہ کسی اور جانب مبذول ہونے کے باوجود کشمیر کا مسئلہ اپنی جگہ موجود اور زندہ حقیقت ہے۔
علی رضا سید نے کشمیری رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے خاص طور پر یورپ اور مغربی ممالک میں مقیم کشمیری شخصیات کو اپیل کی کہ وہ باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر مسئلہ کشمیر کے لیے سنجیدہ اور منظم کوششیں کریں۔
کشمیر کونسل ای یو کے سربراہ نے کہا کہ دیگر عالمی مسائل میں الجھنے کے بجائے ہمیں اپنی تمام تر توانائی مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے مرکوز کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری خود مظلوم ہیں، اسی لیے وہ دنیا بھر کے مظلوموں کے درد کو محسوس کرتے ہیں اور ہر مظلوم کی حمایت کرتے ہیں۔
علی رضا سید کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم جاری رکھے ہوئے ہے اور وہاں کے عوام بنیادی آزادیوں سے محروم ہیں، تاہم ان تمام حالات کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں امن کا قیام ہی تمام مسائل کا واحد حل ہے، جنگیں اور قتل و غارت مسائل کو مزید پیچیدہ بناتی ہیں۔ مسائل کا حل صرف اور صرف پُرامن ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔
آخر میں علی رضا سید نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرے، کیونکہ کشمیر میں امن کا قیام جنوبی ایشیا کے پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔


