اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم محمد شہباز شریف ہنگامی سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں خطے میں جاری کشیدگی، علاقائی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال، امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوگی۔
سیاسی و سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس دورے سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت اور متحرک سفارتی کردار مزید واضح ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔


